خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں گلوف کے خطرے کی ایڈوائزری جاری

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اگست 2024
این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کردی—فوٹو: فائل

این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کردی—فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں ممکنہ گلوف کے خطرے سے متعلق ایڈوائزری  جاری کردی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ اسلام آباد، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق زیادہ درجہ حرارت اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 12 اگست تک گلوف کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گلوف فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتا ہے، جس سے دیر، سوات، کوہستان، استور، گلگت، سکردو، گھانچے، شگر، اور ملحقہ علاقوں گلوف کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام ممکنہ خطرے سے دو چار علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں، ندی نالوں سے دور رہیں۔

عوام کو احتیاطی تدبیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ خطرے سے دو چار علاقوں کی آبادیاں خصوصی احتیاط برتیں اور ہنگامی صورت حال کے مد نظر  محفوظ مقامات کی طرف انخلا یقینی بنائیں۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ گلوف خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو قبل از وقت قدامات کرنے کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔