مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل اضافہ، انتظامیہ نے 2 ماہ سے نرخ نامہ جاری نہیں کیا

بزنس رپورٹر  جمعـء 9 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمت 700روپے سے تجاوز کرگئی، شہری انتظامیہ اور کمشنر کراچی کے دفتر نے 2 ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود پولٹری کی قیمتوں کا سرکاری نرخ نامہ جاری نہیں کیا، ہول سیلرز اور فارمرز من مانی قیمتیں مقرر کرنے لگے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت میں فارمرز اور ہول سیلرز کی جانب سے مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں مرغی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران مزید 70روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 650روپے کلو فروخت ہونے والا مرغی کا گوشت اب 720روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ فارمرز نے بارشوں کو جواز بناکر سپلائی کم کردی ہے جس کی وجہ سے طلب و رسد کا توازن بگڑ گیا ہے جبکہ فارمرز اور ہول سیلرز تسلسل کے ساتھ قیمت بڑھارہے ہیں

شہری انتظامیہ اور کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کی جانے والی مرغی کی سرکاری قیمت کی پرائس لسٹ کا اجراء دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود معطل ہے۔

پولٹری کی آخری سرکاری پرائس لسٹ 25 مئی کو جاری کی گئی جس کے بعد سے پولٹری کی قیمتوں کو جان بوجھ کر آزاد چھوڑ دیا گیا اور پولٹری فارمرز اور ہول سیلرز من مانی قیمتیں مقرر کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔