دریائے سندھ میں سیلاب کے پیش نظر ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں جاری

آصف محمود  ہفتہ 10 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

 لاہور: دریائے سندھ میں سیلاب کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب کی وجہ سے میانوالی، لیہ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے 34 موضع جات زیر آب آئے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ریسکیو سرگرمیوں میں 24 کشتیاں اور 78 ریسکیو ورکرز مصروف عمل ہیں۔

سیلابی علاقوں میں مجموعی طور پر 36 ریلیف کیپمس قائم کیے گئے ہیں۔ 930 افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں 33 میڈیکل کیمپس میں تقریباً 1572 افراد کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل کے مطابق زیر آب علاقوں سے 757 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل گیا جبکہ 42714 جانوروں کی ویکسینیشن کی گئی۔

پی ڈی ایم اے و انتظامیہ کے بروقت ریسپانس سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

انھوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے پانی سے مجموعی طور پر 785 گھر اور 49 ہزار 212 ایکڑ  رقبہ متاثر ہوا۔ دریائے سندھ میں آئندہ چند روز تک سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔