پیرس اولمپکس؛ ارشد ندیم کو کیا انعامات ملیں گے؟ تفصیل جانیے

 ہفتہ 10 اگست 2024
اولمپئین کے اسپانسرز سمیت کئی کمپنیز معاہدے کیلئے راہ تکنے لگیں (فوٹو: فائل)

اولمپئین کے اسپانسرز سمیت کئی کمپنیز معاہدے کیلئے راہ تکنے لگیں (فوٹو: فائل)

پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کیلئے انعامات کی برسات ہوچکی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر انکی فین فالوئنگ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کیلئے حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، اداکاروں سمیت کئی شخصیات نے انعامات دینے کا اعلان کیا جبکہ اسپانسرز کی بڑی تعداد بھی اولمپئین کیساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے۔

ارشد ندیم کو کیا انعامات ملیں گے تفصیلی جائزہ:

تاریخ ساز کامیابی پر ان کیلئے اسپانسرز کی جانب سے بھی آفر آنا شروع ہوگئی ہیں۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز نے بھی اعلان کررکھا ہے وہ 2024 پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 50 ہزار ڈالر انعام دے گی۔

مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنیوالے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا

حکومت پنجاب نے نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے انکے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کیلئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ قومی ہیرو کو گورنر ہاؤس مدعو بھی کیا۔

سندھ حکومت نے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا۔

سکھر کے میئر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ارشد ندیم کی تاریخی فتح؛ بھارتی میڈیا بھی گُن گانے لگا

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اولمپئین ارشد ندیم کیلئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے رقم بطورِ انعام نقد رقم دینے کا وعدہ کیا۔

کراچی پریس کلب نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کر دیا۔

مزید پڑھیں: ارشد ندیم بھی میرا بیٹا ہے، ہمارے لیے سلور میڈل بھی گولڈ جیسا ہے، والدہ نیرج چوپڑا

نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال نے اپارٹمنٹ دینے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ، نجی ٹی وی چینل نے بھی 10 لاکھ جبکہ پاکستان گیس اینڈ آئل نے زندگی بھر کیلئے مفت پیٹرول دینے کا اعلان کررکھا ہے۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔