آئی پی پیز کو مبارک ہو جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب اور بجلی مہنگی ہوگئی، خالد مقبول صدیقی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2024
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے بارے میں افواہیں ہیں—فوٹو: فائل

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے بارے میں افواہیں ہیں—فوٹو: فائل

  کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام آئی پی پیز کو مبارک ہو جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا اور بجلی مہنگی ہوگئی ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان اور وزیرتعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پاکستان کو چلانے اور استحکام کی 75 سال سے ذمہ داری لیا ہوا ہے، پاکستان کے بجٹ کا 75 فیصد کراچی دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے قافلے لٹا کر آنے والوں نے اس شہر اور ملک کو آباد کیا، کراچی چلتا ہے تو ملک پلتا ہے، کراچی کے ٹیکس سے اسلام آباد بھی آباد ہے، دین کے نام پر بنائے گئے ملک کو چلانے اور استحکام کے لیے کراچی کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو منڈی بنادیا گیا، اس ملک میں جو پنپتے ہیں وہ پلٹ کر دیکھتے ہیں، ایم کیوایم آج درخت لگا رہے تو کل کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کو بھی ریاست کے اندر ریاست سمجھ لیا جائے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہندوستان اجڑا تو پاکستان بنا، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کراچی اجڑے گا تو دوسرے شہر آباد ہوں گے۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ عمران خان کو کسی سے مذاکرات قابل قبول نہیں نہیں، ملک کے مسائل کا حل مذاکرات ہیں، تمام آئی پی پیز کو مبارک ہو جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا اور بجلی مہنگی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی جماعتیں سیاست دانوں کی ضرورت ہوسکتی ہیں، ملک کی نہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی افواہوں پر ہم یقین نہیں رکھتے، گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔