بلوچستان میں بارشوں سے اموات کی تعداد 15 تک پہنچ گئی، 33 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2024
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران ہونے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے اب تک 15افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے، جبکہ سیلابی ریلوں نے مکانات ، سڑکوں اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 7 جون سے جاری بارشوں کے دوران 5 بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوئے، زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی ، چھت اور دیواریں گرنے سے ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں تین خواتین اور 10 بچے بھی شامل ہیں۔

بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 354 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 93 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 261 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

طوفانی بارشوں سے 372 ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور 36 کلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث 5 پلوں کو نقصان پہنچا۔

آسمانی بجلی اور بارشوں سے 188 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔