گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی وطن واپسی؛ بیٹا، والد کے گلے لگ کر آبدیدہ

ویب ڈیسک  اتوار 11 اگست 2024

پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کی وطن واپس پہنچنے پر والد کیساتھ جذباتی مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔

رات گئے جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے بعد 1 بج کے 25 منٹ پر لاہور پہنچے، اس موقع پر ان کے طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔

ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کیلئے آیا جبکہ ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے لاہور ائیر پورٹ پہنچے۔

مزید پڑھیں: پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا شاندار استقبال

ائیرپورٹ پر رات گئے مداحوں نے سما باندھ دیا، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کیا گیا اور عوام ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔

ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔

مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس؛ ارشد ندیم کو کیا انعامات ملیں گے؟ تفصیل جانیے

اس موقع پر کچھ جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور بظاہر ارشد کی آنکھیں نم تھیں۔

ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدور ہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔

مزید پڑھیں: گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیساتھ بھارتی و غیرملکی فینز کی سلفیاں

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔