نیرج کی والدہ کے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر مودی کا نیرج سے مکالمہ

ویب ڈیسک  اتوار 11 اگست 2024
نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کو بیٹا کہا تھا، فوٹو: فائل

نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کو بیٹا کہا تھا، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپک کے جیولین تھرو مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کو مبارک باد دینے کے لیے ٹیلی فون کیا اور پاکستانی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سے متعلق بھی گفتگو کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے گفتگو میں ان کی کارکردگی کو سراہا اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید ظاہر کی۔

اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے کہا کہ آپ کی والدہ نے ارشد ندیم کو بیٹا کہا جس کی ہر جانب سے تعریف کی جا رہی ہے۔ آپ کی والدہ نے بات ہی بہت اچھی اور قابل تعریف کی تھی۔

یہ خبر پڑھیں : گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور

نیرج چوپڑا نے کہا کہ ان کی والدہ نہایت سادہ اور صاف دل کی خاتون ہیں۔ وہ ہمیشہ بھائی چارگی، محبت اور امن کا درس دیتی ہیں اور میرے حریفوں کے لیے بھی نیک تمنا کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔

یاد رہے کہ نیرج چوپڑا کی والدہ نے کہا تھا کہ گولڈ میڈل جیتننے والا پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم بھی ان کے بیٹا ہے اور انھیں ارشد ندیم کی جیت پر بھی بہت خوشی ہے۔

پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے اولمپک گیمز میں جیولین تھرو مقابلے کا 118 سالہ ریکارڈ توڑ کر گولڈ میڈل جیتا۔ ان کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔