کراچی؛ سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی سے 370 کلو چھالیہ برآمد، پولیس اہلکار سمیت 2 گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 12 اگست 2024
گرفتار ملزمان کے نام محمد ابرہیم  (پولیس اہلکار)  اور حسام بلوچ ہیں

گرفتار ملزمان کے نام محمد ابرہیم (پولیس اہلکار) اور حسام بلوچ ہیں

 کراچی: پولیس نے سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی سے 370 کلو چھالیہ برآمد کرکے پولیس اہلکار سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

شاہ لطیف پولیس نے نیشنل ہائی وے پر کار سے 370 کلو چھالیہ برآمد کرلی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بچہ جیل کٹ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران سندھ گورنمنٹ کی سرکاری نمبر پلیٹ لگی کار کو روک کر تلاشی لی تو اس دوران کار سے 370 کلو چھالیہ کے بورے برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے نام محمد ابرہیم اور حسام بلوچ ہیں، جن میں محمد ابراہیم پولیس اہلکار ہے ۔ ملزمان نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ وہ چھالیہ کی سپلائی دینے گھارو جا رہے تھے ۔ ملزمان کے 2 ساتھی جو پولیس اہلکار ہیں وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

گرفتار ملزمان کے خلاف ماوا گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ الزام نمبر1010/24 درج کر لیا گیا ہے۔ شاہ لطیف تھانے کی پولیس موبائل کے افسر سب انسپکٹر اللہ ڈینو کا کہنا تھا کہ وہ اہل کاروں کے ہمراہ گشت پر مامور تھے۔ اس دوران اطلاع ملی کہ سندھ گورنمنٹ کی جعلی سبز رنگ کی نمبر پلیٹ AFT-208 لگی سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار کراچی سے گھارو میں چھالیہ سپلائی کرنے کے لیے نیشنل ہائی وے سے گزرنے والی ہے۔

اطلاع ملنے کے بعد بچہ جیل کے قریب گھارو کی جانب جانے والی گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ شروع کی تو مذکورہ کار کو دیکھ کر رُکنے کا اشارہ کیا اور تلاشی کے دوران ڈگی سے چھالیہ سے بھرے بورے برآمد کرلیے۔

کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنا تعارف پولیس کانسٹیبل محمد ابراہیم کراتے ہوئے مبینہ طور پر رشوت کی پیشکش کی تاہم سب انسپکٹر نے اس کی پیشکش کو ٹھکرا دیا اور ملزمان و برآمد ہونے والی چھالیہ کو کار سمیت تھانے منتقل کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔