نیب کی شاہد خاقان کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور

کورٹ رپورٹر  پير 12 اگست 2024
احتساب عدالت کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم (فوٹو: فائل)

احتساب عدالت کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم (فوٹو: فائل)

  کراچی: احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ریفرنس واپس لینے سے متعلق نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دیدیا۔

نیب حکام نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام واپس لے لیا، جبکہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب ریفرنس نمٹادیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب نے عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ڈی جی پی ایس او تعینات کرکے قومی خزانے کو 138 ملین روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا ریفرنس 2020 میں دائر کیا گیا تھا۔

گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس واپس لینے کی درخواست دائر کی اور موقف اپنایا کہ چیئرمین نیب نے ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ جس پر کراچی کی احتساب عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس نمٹا دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 4 سالوں کے دوران ہمارے خلاف صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا۔ جتنی جلدی نیب کو ختم کیا جائے اتنا ملک کے لیے بہتر ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی کی احتساب عدالت میں غیر قانونی بھرتی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے ریفرنس کے دوران 4 سال میں 39 سماعتیں ہوئیں۔ عدالتِ عظمی کی ہدایت پر 2018 میں نیب نے اس معاملے کی انکوائری کا آغاز کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔