بلدیہ عظمیٰ کے انتظامی اخراجات میں کمی، کاموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، مرتضیٰ وہاب

اسٹاف رپورٹر  پير 12 اگست 2024
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

  کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انتظامی اخراجات میں کمی لانا اور ضروری کاموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کے لیے کے ایم سی کی سروسز گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی کا عمل بہتر بنایا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے  یہ بات بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سروسز گاڑیوں کو مخصوص پیٹرول پمپ کے بجائے پی ایس او فلیٹ کارڈ سسٹم کے ذریعے ڈیزل اور پیٹرول کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ  اس اقدام کے نتیجے میں جولائی 2024 ء میں ایک مہینے کے اندر 15 ہزار 710 لیٹر ڈیزل و پیٹرول کی بچت ہوئی ہے جس کی مجموعی مالیت 37 لاکھ 61 ہزار 970 روپے بنتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی سروسز گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی کا عمل یوم جولائی 2024ء سے ڈیجیٹلائزڈ پی ایس او فلیٹ کارڈ سسٹم پر منتقل کیا جاچکا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس طرح نہ صرف شفاف طریقہ اختیار کرکے اپنی گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال کو ڈیجیٹلائزڈ کیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سفری دورانیے اور دیگر معاملات میں بھی قابل ذکر بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر فائربریگیڈ کی گاڑیوں اور دیگر شہری خدمات پر مامور کے ایم سی کی گاڑیوں کو اس طریقے کے تحت فیول کے حصول میں آسانی اور سہولت حاصل ہوئی ہے جس کے لیے پی او ایل اسٹور اینڈ پروکیورمنٹ ڈپارٹمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی سروسز گاڑیاں فعال حالت میں رکھنے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں اور ساتھ ہی یہ انتظام بھی کردیا گیا ہے کہ فلیٹ کارڈ کے ذریعے انہیں کسی بھی وقت نزدیکی پمپ سے پیٹرول یا ڈیزل کے حصول میں آسانی ہو۔

سابقہ نظام کے تحت اس حوالے سے جو مشکلات اور رکاوٹیں درپیش تھیں انہیں بھی دور کردیا گیا ہے جس کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی زیادہ بہتر انداز میں شہری خدمات کی ادائیگی کا فریضہ انجام دے سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر محکموں کو بھی بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے اور ہرممکن کوشش ہے کہ غیرضروری اخراجات کو ختم کرکے تمام دستیاب وسائل شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے بروئے کار لائے جاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔