فیض حمید کورٹ مارشل: یہ تو شروعات ہے ابھی بڑے بت گرنے ہیں، فیصل واوڈا

ویب ڈیسک  پير 12 اگست 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  اسلام آباد: سیاسی رہنما فیصل واوڈا نے جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کی خبر پر کہا ہے کہ دیرآید درست آید، یہ تو شروعات ہے ابھی بڑے بڑے بت گرنے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ جنرل فیض حمید کے فیلڈ جنرل کورٹ مارشل سے پاک فوج نے پیغام دیا ہے کہ انصاف کے لیے اپنے پرائے میں فرق نہیں کرتے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا فوج نے پیغام دیا کہ موجودہ قیادت ایماندار ہے، جو بہت بڑے برج بنے ہوئے تھے اب ان کی بھی باری ہے انھوں نے بھی گرنا ہے۔ فیض حمید کا شمار طاقتور لوگوں میں ہوتا تھا آج انھیں بھی احتساب کا سامنا ہے، جو خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں انھیں بھی آئین و قانون کے دائرے میں لانا چاہئے، جو میں نے آج پیشگوئیاں کی ہیں آئندہ مہینوں میں نہیں ہفتوں میں دیکھیں گے۔

اداروں کو نقصان پہنچانے والوں کا بھی احتساب ہوگا، فیض آباد دھرنا کیس تو چھوٹا ہے ابھی بہت بڑے کیسز سامنے آئیں گے، سپہ سالار کو مبارک باد دیتا ہوں جو ناممکن تھا وہ بھی ممکن کردکھایا۔ آئین و قانون کا نقصان ہو تو ایسے اقدامات ہونے ہی تھے، یہ شروعات ہے ابھی بہت بڑے بت گرنے ہیں، معاملہ بہت دور تک جائیگا۔

آنیوالے دنوں میں ارشد شریف سے متعلق بھی حقائق سامنے آئیں گے۔ ٹاپ سٹی کے کیس میں اور بھی کئی نام سامنے آئیں گے،9 مئی والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا بھی احتساب ہوگا۔ جو بھی پاکستان کو نقصان پہنچائے گا اب اس کا احتساب ہوگا، سیاست دانوں سمیت چوریاں بچانے والے سب لوگوں کی باری ہے۔ بات صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈرشپ بھی اس کا حصہ ہے۔

فیض حمید اور تحریک انصاف ایک ہی نام ہے، ملک میں احتساب کا عمل نظر آئے گا، ہمیں اس وقت جشن منانا چاہئے کہ پاکستان حقیقی طور پر ترقی کی طرف جا رہا ہے۔ اس گرفتاری کے ساتھ عمران خان سمیت پوری پی ٹی آئی اب لیٹی ہوئی نظر آئے گی۔ اس گینگ نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت، اداروں، پاکستانیوں اور پاکستان کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے، فیض حمید کے گرفت میں آنے کے بعد اب اس گینگ کے جو مزید سہولت کار بنے ہوئے ہیں، جو خود کو آئین اور قانون سے بھی بالاتر سمجھتے ہیں، اب ان کی بھی باری آگئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔