مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 12 اگست 2024
مقتول کی یادگار فوٹو

مقتول کی یادگار فوٹو

 کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق جبکہ واقعے میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ موقع پر جاں بحق ہوگئے اور اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے اُن کی موت کی تصدیق کردی۔

لیویز کے مطابق فائرنگ سے چئیرمین میونسپل کمیٹی سمیت دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کمشنر قلات نے بھی ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مستونگ میں فائرنگ کے واقعہ میں ڈی سی پنجگور کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلیے فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔

سرفراز بگٹی نے فائرنگ سے چئیرمین میونسپل کمیٹی پنجگور کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے، اُن کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے اور اُن کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُن کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ  ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کی فائرنگ سے زخمی 2 افراد عبدالملک اور احمد جان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈپٹی کمشنر مستونگ کی گاڑی پر حملے اور جاں بحق ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرنے ہوئے ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ متعلقہ حکام کو زخمیوں کی بہتر طبی امداد کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کی جلد نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ضلعی انتظامیہ کے افسران خطرے کے باوجود اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض کی انجام دہی کرتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔