کراچی؛ نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے فیکٹری ملازم قتل

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 اگست 2024
 (فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: کورنگی سنگر چورنگی الحسن اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے فیکٹری ملازم کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح عوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی سنگر چورنگی الحسن اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا۔

ایس ایچ او عوامی کالونی ناصر محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 32 سالہ عبدالرزاق ولد حاجی نیاز کے نام سے کی گئی، مقتول عوامی کالونی کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول دو سال قبل کراچی آیا تھا اور کورنگی صنعتی ایریا میں نجی گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور ایک بیٹے کا باپ تھا، مقتول کام پر جانے کے لیے جیسے ہی گھر سے نکلا تو کچھ ہی فاصلے پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

ایس ایچ او کے مطابق مقتول عبدالرزاق سے لوٹ مار کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، مقتول سے 1300 روپے اور ایک پرانا موبائل فون بھی ملا ہے، مقتول عبدالرزاق کو کان کے نیچے ایک گولی لگی جو کہ موت کا سبب بنی، پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے قبضے میں لیکر فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے براق فلورمل تاج پیٹرول پمپ کے قریب سڑک کنارے جھاڑیوں سے ایک نوجوان کی گولی لگی لاش ملی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او نور محمد شیخ نے بتایا کہ مقتول نوجوان کی عمر 22 سال کے قریب ہے اور مقتول نوجوان کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس کی مدد سے مقتول نوجوان کی شناخت ممکن ہو سکے۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول نوجوان کو نامعلوم مسلح ملزمان نے جسم کے مختلف حصوں پر دو گولیاں مار کر قتل کیا ہے، مقتول نوجوان بظاہر افغان شہری معلوم ہوتا ہے۔

پولیس نے واقعاتی شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے اور مقتول نوجوان کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔