پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی دہشتگردی مقدمے میں ضمانت منظور، رہائی کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 13 اگست 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  اسلام آباد: تحریک انصاف کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت منظور ہوگئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی ، جس میں عدالت نے پی ٹی آئی کےانٹر نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی۔

دوران سماعت احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل نے اپنے دلائل میں بتایا کہ احمد وقاص کو گھر سے اٹھایا گیا اور کلاشنکوف برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کا بعد میں علم ہوا۔ 2 روز حبس بے جا میں رکھاگیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ یہ کوئی میڈیا سے ہیں؟، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میڈیا سے نہیں،پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر ہیں۔ عدالت میں کیس کیا تو مقدمے کا علم ہوا اور احمد وقاص سے متعلق بھی معلوم ہوا۔ رؤف حسن اور دیگر کے ہمراہ گرفتاری ڈالی گئی۔ رؤف حسن ضمانت پر رہاہوگئے۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیا کہتے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ 300 گرام بارود برآمد کرناہے،کلاشنکوف برآمد کرنا ہے۔ استدعا ہے کہ درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔