قتل کے ملزم سابق ایس پی کلفٹن کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم

کورٹ رپورٹر  منگل 13 اگست 2024
لاپتا سابق ایس پی کی بازیابی کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے، وکیل درخواست گزار:فوٹو:فائل

لاپتا سابق ایس پی کی بازیابی کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے، وکیل درخواست گزار:فوٹو:فائل

  کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ملزم سابق ایس پی کلفٹن نیئر الحق کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو درخشاں تھانے کے لاک اپ میں زیر حراست ملزم کی موت سے متعلق شریک ملزم سابق ایس پی کلفٹن نیئر الحق کی بازیابی کے لئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل عامرنے موقف  اختیار کیا کہ تاحال نئیر الحق کی بازیابی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ نئیر الحق کو 15 اور 16 مئی کی درمیانی شب پولیس یونیفارم اور سادہ لباس اہلکار ساتھ لے گئے۔ متعلقہ تھانہ اور پولیس اپنے ہی پولیس افسر کی گمشدگی سے لاعلم ہے۔ نئیر الحق نے پولیس حراست میں شہری کی ہلاکت کے مقدمہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کررکھی تھی۔ 16 مئی کو ایس پی نئیر الحق نے متعلقہ عدالت میں سرنڈر کرنا تھا رات میں غائب کردیا گیا۔

سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ابھی تک سابق ایس پی کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں ہوا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نیئر الحق کی اہلیہ نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔ عدالت نے سابق ایس پی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔