ترکیہ کی کمپنی لیاری سے کچرا اٹھانے کا 14 اگست سے آغاز کرے گی

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے کہا کہ لیاری کو کچرے سے پاک کرنے کے لیے ترکیہ کی کمپنی 14 اگست سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ نے اجلاس میں ترکیہ کمپنی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں کے ساتھ صفائی ستھرائی کے سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرز اور مشینری کی تعداد مکمل ہونی چاہیے تاکہ بھرپور طریقے سے آپریشن کا آغاز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود تمام مشینری کا معائنہ کریں گے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی اور ترک کمپنی کے ڈائریکٹر ضیا الدین و دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ یہاں کام کرنے والی چینی  کمپنی کے معاہدے کی مدت ختم ہوگئی ہے اور اب ترکیہ کی کمپنی صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات سنبھالے گی۔

اس موقع پر ترکیہ کی کمپنی کے عہدیداران نے بریفنگ میں بتایا کہ لیاری میں ٹوٹل 13 یوسیز ہیں،  پہلے مرحلے میں تین یوسیز میں کام کا آغاز ہوگا،اس کے بعد بالترتیب اکتوبر تک تمام یوسیز میں آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا، گھر گھر سے کچرا اٹھانا اور جگہ جگہ جمع شدہ کچرا اٹھانا ترجیح ہے۔

کمپنی کے حکام نے مزید بتایا کہ لیاری آپریشن کے لیے ٹوٹل 536 افراد پر مشتمل عملہ اور555 کی تعداد میں مشینری استعمال میں لائی جائے گی۔ تمام شہریوں کو گھر سے کچرا اٹھانے کے ٹائم کی آگاہی دی جائے گی اور مقررہ وقت پر کچرا اٹھایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔