کراچی سمیت سندھ کی پانچ جامعات میں وائس چانسلرز کا تقرر، نوٹیفکیشنز جاری

صفدر رضوی  منگل 13 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلٰی سندھ نے تلاش کمیٹی کی سفارش پر صوبے کی 5 سرکاری جامعات میں آئندہ 4 برس کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری کردی ہے۔

محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے پانچ جامعات میں سربراہوں کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشنز کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے لیے اقراء یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کا تقرر کیا گیا ہے وہ اس کے بانی وائس چانسلر ہونگے۔

اس سے قبل یہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج تھا تاہم اب اسے جنرل یونیورسٹی کا چارٹر دیا گیا ہے۔

ادھریونیورسٹی آف میرپورخاص کے لیے پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن, شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بے نظیر آباد کے لیے پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ, شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کے لیے پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عیسانی قیصر مجیداور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے لیے پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک کو وائس چانسلر بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ان ناموں کی سفارش سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں قائم تلاش کمیٹی نے کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔