کراچی؛ ماموں سے اتفاقیہ گولی چل گئی، 9 سالہ بھانجا جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 اگست 2024
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا

 کراچی: پستول کی صفائی کے دوران ماموں سے اتفاقیہ گولی چلنے سے 9 سالہ بھانجا جاں بحق ہوگیا۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع فلیٹ میں پستول کی صفائی کے دوران ماموں سے اتفاقیہ گولی چلنے سے سگا بھانجا جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے مقتول کے ماموں کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔

منگل اوربدھ کی درمیانی شب شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں فاروق اعظم مسجد کے قریب بھایانی اپارٹمنٹس کے فلیٹ میں فائرنگ سے 9 سالہ بچہ بلال جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔

پولیس کے مطابق مقتول بچے بلال کا سگا ماموں وقار علی ولد انورعلی فلیٹ میں اپنا پستول صاف کررہا تھا کہ اچانک ماموں سے اتفاقیہ طور پرگولی چل گئی، جس کے نتیجے میں ملزم وقارکا سگا بھانجا 9 سالہ بلال گردن میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول بلال کے والدین اندرون سندھ کے رہائشی ہیں جب کہ بچہ اپنے ماموں وقارعلی کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ شاہراہِ نور جہاں پولیس نے موقع سے ملزم وقار علی کو گرفتار کرکے اس کا لائسنس یافتہ پستول اور پرمٹ قبضے میں لے لیا اور ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔