پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام

آصف محمود  بدھ 14 اگست 2024
فوٹو:  ایکسپریس نیوز

فوٹو: ایکسپریس نیوز

نئی دہلی: ہائی کمیشن برائے پاکستان، نئی دہلی میں پاکستان کی آزادی کی 77ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔ 

تقریب میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن کے چانسری لان میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ ان کے اہل خانہ موجود تھے۔ اس موقع پر صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

ناظم الامور نےکہا کہ 14 اگست 1947 ناقابل تسخیر عزم، بے مثال جدوجہد اور بے پناہ قربانیوں کے شاندار سفر کا نقطہ عروج تھا، چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے بہادری کی داستان رقم کی ہے۔

انہوں نے علامہ محمد اقبال کے الہامی وژن اور قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جس میں برصغیر کے مسلمانوں کو ان کے اپنے الگ وطن کے متعین کردہ مقدر کی طرف رہنمائی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد جمہوریت، سماجی مساوات اور رواداری کے اصولوں پر رکھی گئی ،قوم ایک اسلامی فلاحی ریاست کے آئیڈیل کے حصول کے لیے اپنے عزم میں اٹل ہے جیسا کہ ہمارے آبا ؤ اجداد نے تصور کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے آزادی کے بعد سے اہم سنگ میل حاصل کیے ہیں اور بڑی پیش رفت کی ہے ، استحکام پاکستان کی جانب مشن پوری طرح سے جاری ہے۔ انہوں نے مادر وطن کے ان بہادر بیٹوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

جبر اور قبضے کے تحت مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ناظم الامور نے اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ حق خودارادیت سمیت بنیادی حقوق کے لیے یہ بہادرانہ جدوجہد کامیابی کی شان سے سجے گی۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔

انہوں نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تاریخی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ مشکلات کو شکست دینے میں ان کا شاندار کارنامہ ایک روشن مثال ہے کہ پختہ عزم، مکمل لگن اور مخلصانہ محنت پہاڑوں کو سر کر سکتی ہے اور شاندار کامیابی کا باعث بن سکتی ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے ممبران کے بچوں نے قومی ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں، جس میں قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا، اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔