دی ہنڈرڈ: ویلش فائر اور سدرن بریو کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

ویب ڈیسک  بدھ 14 اگست 2024
(تصویر: گیٹی امیجز)

(تصویر: گیٹی امیجز)

ساؤتھمپٹن: دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں ویلش فائر اور سدرن بریو کے درمیان ہونے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے ایونٹ کے 30 ویں میچ میں 182 رنز کے تعاقب میں سدرن بریو نے 1 وکٹ کے نقصان پر 16 گیندوں پر 21 رنز بنائے تھے کہ بارش کے سبب کھیل روکنا پڑا۔ تاہم، میدان میں خشک نہ ہونے کی وجہ سے میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

اس سےقبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویلش فائر نے مقررہ 100 گیندوں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

فائر کی جانب سے لیوک ویلز 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ گلین فلپس برق رفتار 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسٹیفن اسکنازی 28، ٹام کوہلر-کیڈمور 23 اور جونی بیئرسٹو 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

ڈیوڈ ویلے 7 اور روس وائٹلے 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سدرن بریو کی جانب سے ٹائمل ملز نے 2 جبکہ عقیل حسین اور جوفرا آرچر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔