گورنر سندھ کا ارشد ندیم کیلئے 20 لاکھ روپے، پلاٹ اور اہل خانہ کو آئی فون کا تحفہ

زبیر نذیر خان  جمعرات 15 اگست 2024
فوٹو ویب ڈیسک

فوٹو ویب ڈیسک

  کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے اور پلاٹ اور اہل خانہ کو آئی فون 15 کا تحفہ دیا ہے۔

گورنر سندھ کی دعوت پر ارشد ندیم اپنے کوچ کے ہمراہ کراچی پہنچے اور گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔

اولمپئین ارشد ندیم نے کہا ہے کہ  اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پاکستان  کو 40 برس بعد گولڈ میڈل دلوانے پر قوم کی شاندار انداز میں پزیرائی پر  بہت خوش ہوں اور جزبہ  پیدا ہوگیا کہ اپنا ہی ریکارڈ  توڑ کو عوام کو خوشیاں دوں۔

عوام سے خطاب میں انہوں نے  کہا کہ پیرس اولمپکس میں کامیابی کے لیے بہت پر امید تھا، بھرپور محنت کا اللہ نے صلہ دیا، ماں باپ  اور قوم کی دعاؤں سے شاندار فتح ملی، گورنر سندھ کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے، گورنر سندھ نے بہت شاندار استقبال اور محبت دی، عوام  کا لفظوں میں شکریہ ادا کرنا ممکن نہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ گنڈا پور کا ارشد ندیم کو جیب سے 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اولمپئین کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے انہیں ’شیر پاکستان‘ کے خطاب سے نوازا اور کراچی آمد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا وعدہ پورا کردیا۔ کامران ٹیسوری نے ارشد ندیم اور عاطف اسلم کو عوام کے سامنے کھڑا کر دیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کی والدہ کے لیے ستارہ امتیاز اور کوچ سلمان بٹ کے لیے تمغہ امتیاز کے لیے سفارش کروں گا۔

تقریب میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے قومی ترانہ پڑھ کر نیا ریکارڈ قائم کیا، ترانہ پڑھنے والوں میں بچے، بوڑھے،جوان اور خواتین  کی بڑی تعداد شامل تھی۔ تقریب کے شرکا نے ارشد ندیم کا تالیاں بجاتے ہوئے پرجوش انداز میں نعرے لگا کر خیر مقدم کیا۔

ارشد ندیم کو پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین علی شیخانی کی جانب سے 30 لاکھ، گورنر سندھ کی جانب سے20 لاکھ اور دیگر نے لاکھوں روپے کے ساتھ پلاٹ کے تحفے پیش کیے۔ اس کے علاوہ ارشد ندیم کے اہل خانہ کو آئی فون 15 کا تحفہ بھی دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسری تھرو پر ہی گولڈ میڈل جیتنے کا یقین ہوگیا تھا، ارشد ندیم

آخر میں موسیقی کا پروگرام میں معروف فنکار عاطف اسلم ودیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ قبل ازیں ارشد ندیم اپنے کوچ کے ہمراہ خصوصی طیارے سے پی اے ایف شارع  فیصل بیس کراچی پہنچے، بعدازاں ان کو خصوصی پروٹوکول میں گورنر ہائوس پہنچایا گیا۔

گورنر ہاؤس  آمد پر گورنر سندھ نے ارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا، گورنر نے ملاقات کے دوران ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا، کیا،گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے ایونٹ میں ریکارڈ ساز کامیابی پا کر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

مزید پڑھیں: مولانا طارق جمیل سے ارشد ندیم کی ملاقات؛ 5 لاکھ روپے انعام

اولمپک  ریکارڈ ہولڈر ارشد ندیم نے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ائندہ بھی ملک اور قوم کے لیے بین الاقوامی سطح پر اعزازات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے،اس موقع پر ندیم ارشد کے کوچ سلیمان بٹ بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔