غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 15 اگست 2024
الاقصیٰ اسپتال دیرالبلاح میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کے لواحقین شدت غم سے نڈھال ہیں۔ 13 اگست 2024 [فوٹو: علی جد اللہ/انادولو]

الاقصیٰ اسپتال دیرالبلاح میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کے لواحقین شدت غم سے نڈھال ہیں۔ 13 اگست 2024 [فوٹو: علی جد اللہ/انادولو]

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40,005 افراد شہید اور 92,401 زخمی ہوچکے ہیں۔

مرنے والوں میں 16500 بچے اور گیارہ ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں جبکہ غزہ کے 2.3 ملین افراد میں سے تقریباً 85 فیصد بے گھر ہوچکے ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے کے کیمپ میں پناہ گزینوں پر اسرائیلی ڈرون حملے میں آج دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ روز توباس گورنری میں اسرائیلی فورسز کے حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے۔

سات اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے کیے گئے حملوں کے دوران اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔