کراچی: جعلی پولیس اہلکار گرفتار، اسلحہ اور جعلی پولیس کارڈ برآمد

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 اگست 2024

کراچی: ملیر سٹی پولیس نے جعلی پولیس اہلکار گرفتار کر کے اسلحہ ، گولیاں اور پولیس کا جعلی کارڈ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے رضا موبائل مارکیٹ سے پولیس کی وردی میں ملبوس ملزم  موسیٰ کو گرفتار کیا جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتا تھا۔

گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی جعلی وردی استعمال کر کے اسلحہ کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو جاتا تھا جبکہ ملزم نے جعفر طیار سوسائٹی میں کی جانے والی 2 لاکھ روپے کی واردات میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے ۔

ملزم کے کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول ، گولیاں اور  پولیس کا جعلی کارڈ برآمد ہوا جبکہ ملزم پہلے بھی لانڈھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز شروع کر دی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔