ایشوریا کو بیٹی نہیں، بہو ہی سمجھتی ہوں؛ جیا بچن

ویب ڈیسک  اتوار 18 اگست 2024
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 ممبئی: بھارت کی سینیئر اداکارہ و سیاستدان جیا بچن نے کہا ہے کہ وہ ایشوریا رائے کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آتیں کیونکہ وہ اُن کی بیٹی نہیں بہو ہیں۔

بھارتی میڈیا پر جیا بچن کا پُرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے بچن کے بارے میں بات کی تھی۔

چیٹ شو کے میزبان نے جیا بچن سے سوال کیا تھا کہ افواہیں زیرِ گردش ہیں کہ آپ ایک سخت والدہ ہیں، یہ افواہ درست ہے یا جھوٹی؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے جیا بچن کا کہنا تھا کہ یہ افواہ بالکل درست ہے، میں بہت سخت ماں ہوں۔ یہ سُن کر میزبان نے پوچھا کہ کیا آپ ساس بھی غصے والی ہیں؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ نہیں۔

جیا بچن نے کہا کہ میں ایشوریا کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آسکتی کیونکہ وہ میری بیٹی نہیں ہیں، وہ میری بہو ہیں، میں اُن کے ساتھ سختی کیوں کروں؟، ایشوریا پر سختی کرنے کا حق صرف اُن کی ماں کا ہے۔

مزید پڑھیں: بیٹے بہو کی علیحدگی کی افواہیں، امیتابھ بچن کا شادی شدہ جوڑوں کو مفید مشورہ

سینیئر اداکارہ نے مزید کہا کہ بیٹی اور بہو میں فرق ہوتا ہے، بیٹی اپنے والدین سے ناراض بھی ہوجاتی ہے اور اُن پر کبھی غصہ بھی کردیتی ہے لیکن سُسرال میں ایسا نہیں ہوتا، وہاں سب کی عزت کرنی پڑتی ہے۔

اگرچہ جیا بچن خود کو ‘سخت والدہ’ کہتی ہیں لیکن ابھیشیک بچن اس سے متفق نہیں ہیں، اداکار نے گزشتہ سال اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عوامی رائے کے برعکس، میری والدہ سخت نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔