امریکا کو ٹرمپ کے جھوٹ اور افراتفری کے مزید 4 برس نہیں چاہیے؛ اوباما

ویب ڈیسک  بدھ 21 اگست 2024
ملک کی نئی صدر کملا ہیرس ہوں گی، باراک اوباما (فوٹو: فائل)

ملک کی نئی صدر کملا ہیرس ہوں گی، باراک اوباما (فوٹو: فائل)

 واشنگٹن: سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ جنونی سازشی نظریات پھیلانے والے 78 سالہ ٹرمپ کو صرف اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر نے شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن کے دوسرے روز خطاب میں موجودہ صدر جو بائیڈن کو اپنا دوست قرار دیا۔

باراک اوباما نے جوبائیڈن کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  امریکی اقدار اور جمہوریت کا تحفظ کرنے پر تاریخ موجودہ صدر جوبائیڈن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ ریپبلکن کے صدارتی امیدوار (ڈونلڈ ٹرمپ) یہ غلط بیانی کرتے ہوئے یہ جھوٹ پھیلاتے ہیں کہ ملک اس طرح سے تقسیم ہوچکا ہے کہ جس کو دوبارہ جوڑا نہیں جا سکتا۔

باراک اوباما نے کہا کہ ہم ٹرمپ کی حکمرانی کے مزید 4 برس نہیں چاہتے کیوں کہ اس کے نتائج بہت برے ہوں گے۔ ہم افراتفری اور جھوٹ کے (مزید) 4 برس نہیں چاہتے۔

سابق امریکی صدر نے اہنی جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کملا ہیرس ملک کی نئی صدر بننے کے لیے تیار ہیں۔ وہ امریکی اقدار کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔