پشاور کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین ناپید

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اگست 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

 پشاور: پختونخوا کے دارالحکومت میں اسپتالوں اور طبی مراکز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین ناپید ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے تمام سیکنڈری کیئر اسپتالوں وطبی مراکز میں 2 ماہ سے کتے کے کاٹے کی ویکسین اینٹی ریبیز اور ٹائیفائیڈ ناپید ہو گئی۔ فنڈز کی عدم دستیابی پر ضلعی صحت آفس اینٹی ریبیز اور ٹائیفائیڈ کی ویکسین نہیں خرید سکا۔

کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی پر دُور دراز سے آنے والے متاثرہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ بڑے اسپتالوں میں بھی کتے کے کاٹے پر صرف ایک ڈوز لگائی جاتی ہے ۔ مریض ویکسین کی 7 ڈوزز کے لیے دربدر پھرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق رواں سال 28 فروری کو ضلعی صحت آفس کو 1485اینٹی ریبیز کی ویکسین ملی تھیں۔ اینٹی ریبیز ویکسین کا تمام سٹاک 2 جون کو ختم ہوچکا ہے۔ محکمہ صحت کی ایم سی سی لسٹ کی کلیئرنس نہ ہونے سے مسئلہ آرہا ہے۔ ایک ماہ میں 50 سے زائد کتے کے کاٹے کے متاثرہ کیسز رجسٹرڈ ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔