ملیر ایکسپریس وے کی آڑ میں لائبریری کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 24 اگست 2024
ڈائریکٹر کلچرل ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی طور پر لائبریری کے معائنے کا حکم

ڈائریکٹر کلچرل ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی طور پر لائبریری کے معائنے کا حکم

  کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ملیر ایکسپریس وے کی آڑ میں لائبریری کیخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے ڈائریکٹر کلچرل ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی طور پر لائبریری کے معائنے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ میں ملیر ایکسپریس وے کی آڑ میں لائبریری گرانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر کے نام پر سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کو گرایا جارہا ہے۔ لائبریری سے سینکڑوں افراد استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ صوبائی حکومت و دیگر کو لائبریری کیخلاف کسی بھی اقدام سے روکا جائے۔

عدالت نے سندھ حکومت و دیگر کو لائبریری کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے ڈائریکٹر کلچرل ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی طور پر لائبریری کے معائنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈی جی کلچر لائبریری کا وزٹ کرکہ لائبریری کے بارے رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے ناظر سندھ ہائیکورٹ کو بھی لائبریری کے معائنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ناظر سندھ ہائیکورٹ لائبریری کا وزٹ کرکہ تصاویر کے ساتھ رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نے فریقین سے 17 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔