13 سالہ لڑکے کی بازیابی سے متعلق درخواست پر پیشرفت رپورٹ طلب

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 24 اگست 2024
عدالت کا تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار

عدالت کا تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار

  کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 13 سالہ لڑکے کی بازیابی سے متعلق درخواست پر 3 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو 13 سالہ لڑکے کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار نے کہا کہ میرا 13 سالہ بیٹا طارق خان عوامی کالونی کے علاقے سے لاپتا ہوا ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے لڑکے کی بازیابی کے لئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟

تفتیشی افسر نے کہا کہ بچے کی بازیابی کے لئے کارروائی جاری ہے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ 13 سالہ لڑکے کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔ جلد از جلد بچے کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ میں کہا کہ اگر عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو آپ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے 3 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔