حساس ادارے کے نام شہریوں کو اغوا اور تاوان وصول کرنے والا شاطر ملزم گرفتار

منور خان  ہفتہ 24 اگست 2024
ملزم گرفتاری کے بعد حولاات میں بند ہے (فوٹو ایکسپریس)

ملزم گرفتاری کے بعد حولاات میں بند ہے (فوٹو ایکسپریس)

  کراچی:  پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سخت جدوجہد کے بعد حساس اداروں کے نام پر معصوم شہریوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت منصور حسن ولد سید نگار احمد کے نام سے ہوئی جو لوگوں کو اغوا کرتا تھا اور بعدازاں مغوی کے اہلخانہ کو حساس ادارے کا افسر بن کر کال کرتا اور مغوی کو چھڑانے کے عوض بھاری رقم کا تقاضہ بھی کرتا تھا، گرفتار ملزم مغوی کی رہائی کے عوض رقم نہ دینے پر اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم انتہائی شاطر ہے جسے گزری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سخت جدوجہد کے بعد اپنے جال میں پھنسا کر گرفتار کیا جبکہ گروہ میں شامل ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ملزم کے خلاف گزری تھانے میں مقدمہ بھی درج ہے جس مین ملزم منصور حسن نے ایک شہری کو اغوا کر کے اس کے چچا سے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا بعدازاں 10 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد مغوی شہری عاشر کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔