شکیب کو بنگلادیشی ٹیم سے الگ کرنے کا مطالبہ، بورڈ کو نوٹس موصول

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 25 اگست 2024
(ویب ڈیسک ایکسپریس)

(ویب ڈیسک ایکسپریس)

  کراچی: بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کیخلاف ڈھاکا میں قتل کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد بی سی بی کو قانونی نوٹس موصول ہوگیا۔

اسے سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر ساجب محمود عالم نے ساتھی محمد رفیع الرحمان کی وساطت سے بھیجا، قانونی نوٹس میں بورڈ سے استدعا کی گئی کہ وہ ہائی پروفائل قتل کیس میں ملزم نامزد کیے جانے پر شکیب الحسن کو ملکی ٹیم سے الگ کردے، سردست پاکستان کے دورے پر موجود شکیب کو وطن واپس بلاکر تحقیقات میں تعاون کیا جائے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ میں شریک آل راؤنڈر شکیب الحسن پر قتل کا مقدمہ درج

شکیب کیخلاف مقدمہ 22 اگست کو آدابر پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا، ان پر گارمنٹ فیکٹری مزدور محمد روبیل کے قتل کا الزام ہے، بیرسٹر نے نوٹس میں یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ مجرمانہ سرگرمی میں ملوث کرکٹر کی انٹرنیشنل ٹیم میں شمولیت آئی سی سی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، وہ موجودہ حالات میں ملکی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ کی ساکھ برقرار رکھنے کیلیے شکیب کو تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کرنا چاہیے،اس پر فیصلہ بورڈ کی نئی انتظامیہ کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔