کنگنا رناوت نے 'بجرنگی بھائی جان' اور 'سلطان' کی آفر مسترد کرنے کی وجہ بتا دی

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2024
سلمان خان نے کنگنا رناوت کی اگلی فلم 'ایمرجنسی' کی تعریف کردی : فوٹو : ویب ڈیسک

سلمان خان نے کنگنا رناوت کی اگلی فلم 'ایمرجنسی' کی تعریف کردی : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اُنہیں سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘سلطان’ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت اپنی نئی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اس فلم میں اداکارہ نے نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا ہے بلکہ انہوں نے اس فلم کی ہدایتکاری بھی کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کنگنا رناوت نے میگا اسٹار سلمان خان کے بارے میں بات کی، اداکارہ نے کہا کہ ماضی میں سلمان خان نے مجھے سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘سلطان’ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن مجھے دونوں فلموں کے کردار پسند نہیں آئے تھے جس کی وجہ سے، میں نے پیشکش مسترد کردی تھی۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ جب سلمان خان نے مجھے ‘بجرنگی بھائی جان’ کی یشکش کی تو میں نے اُن سے کہا کہ یہ کیسا کردار ہے؟، میں یہ کردار نہیں کرسکتی، اس مسترد کے بعد اداکار نے مجھ سے فلم ‘سلطان’ میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا لیکن مجھے وہ کردار بھی پسند نہیں آیا جس پر سلمان خان نے کہا کہ میں آپ کو ایسا کونسا کردار دوں کہ آپ میری پیشکش کو قبول کرو؟

مزید پڑھیں: تمام بالی ووڈ اسٹارز بیوقوف اور دماغ سے خالی ہیں، کنگنا رناوت

اداکارہ نے کہا کہ میں نے دونوں فلموں کی پیشکش مسترد کردی تھی لیکن اس کے باوجود سلمان خان کا میرے ساتھ رویہ بہت اچھا ہے، وہ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں، اُنہوں نے میری نئی آنے والی فلم ‘ایمرجنسی’ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن مصروفیت کی وجہ سے وہ میرے اسٹوڈیو نہیں آسکے تو اُنہوں نے ہمارے ایک مشترکہ دوست کو میرے اسٹوڈیو بھیجا اور کہا کہ ریلیز سے پہلے ہی فلم ‘ایمرجنسی’ دیکھو اور مجھے بتاؤ کہ کنگنا نے کیسی فلم بنائی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست نے ‘ایمرجنسی’ دیکھنے کے بعد سلمان خان کو فلم کے بارے میں بتایا، جس کے بعد دبنگ اسٹار نے میری فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی فلم ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ سلمان جی کی فین فالوونگ بہت زیادہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ لوگوں کی محبت کے حقدار ہیں کیونکہ وہ نرم دل اور احساس کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ہماری انڈسٹری میں وہی لوگ سلمان خان کے خلاف زہر اُگلتے ہیں جو چاہتے ہیں کہ وہ مقبولیت کی سیڑھی پر سلمان خان کی جگہ ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔