ساہیوال؛ پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی اہلیہ کے قتل کا ڈراپ سین

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2024
پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے : فوٹو : فائل

پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے : فوٹو : فائل

ہڑپہ: ساہیوال میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال کے گھر میں فائرنگ کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے، جاوید اقبال نے خود فائرنگ کرواکے اہلیہ کو قتل کروایا۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی گاؤں 15 ڈبلیو ایم میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال نے اپنے والد کے ساتھ ملکر نامعلوم افراد سے اپنے ہی گھر میں فائرنگ کروائی۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاوید اقبال کی اہلیہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ اُن کی 10 سالہ بیٹی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔

ڈی ایس پی صدر تقی عباس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال نے اپنے والد کے ساتھ ملکر گھریلو تنازعہ پر اہلیہ کو قتل کروایا۔

تقی عباس نے مزید کہا کہ مقتولہ خاتون کے خاوند اور سُسر کو حراست میں لیکر مزید تفتیش جاری ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاوید اقبال کی 31 سالہ اہلیہ سعدیہ اور اُن کی بیٹی عائشہ گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد دیوار پھلانگ کر گھر میں گُھس آئے اور فائرنگ کردی۔

ہڑپہ پولیس نے لاش اور زخمی بچی کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔