فلسطین کا بدلہ؛ داعش نے جرمنی میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2024
یہ حملہ فلسطین اور ہر جگہ پر رہنے والے مسلمانوں کا بدلہ ہے، داعش

یہ حملہ فلسطین اور ہر جگہ پر رہنے والے مسلمانوں کا بدلہ ہے، داعش

برلن: جرمنی کے مغربی شہر زولنگن کے ایک رنگا رنگ میلے میں شرکا پر ہونے والے چاقو بردار شخص کے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ چاقو حملے کے الزام میں جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر واقع  پناہ گزینوں کے ہاسٹل سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان نے صحافیوں کے پوچھنے کے باوجود ملزمان کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اس لیے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ٹھوس ثبوت سامنے آنے پر میڈیا کو تفصیلات بتائی جائیں گی۔

بعد ازاں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جرمن پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مشتبہ 24 سالہ گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم کرلیا ہے جس کا تعلق شام سے ہے اور وہ جرمنی میں بطور پناہ گزین رہ رہا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : جرمنی میں فیسٹول میں چاقو حملہ، 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی 

ادھر داعش سے وابستہ عماق نیوز ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر لکھا کہ گزشتہ روز جرمنی کے شہر زولنگن میں مسیحیوں کے اجتماع پر حملہ کرنے والا دولت اسلامیہ کا فوجی تھا اور یہ حملہ فلسطین اور ہر جگہ پر رہنے والے مسلمانوں کا بدلہ ہے۔

تاہم آزاد ذرائع سے تاحال داعش کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ جمعے کی رات کو فیسٹیول میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جب کہ 9 زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔

اس واقعے کے بعد اتوار تک جاری رہنے والے فیسٹیول کو معطل کردیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔