زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے، محمود اچکزئی

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2024
فائل: فوٹو

فائل: فوٹو

مردان: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی  نے کہا ہے کہ زرداری نے مولانا سے دو تہاٸی اکثریت  کے لیے ملاقات کی ہے، صرف 9مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ 

مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت  کے لیے ملاقات کی ہے، انہوں نے کہا کہ  سیاسی جماعتیں بھی چندے کے نام پر رشوت لے رہی ہیں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، انتخابات میں ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی ہے اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے۔

سینیئر سیاستدان   نے نو مئی کے حوالے سے کہا کہ صرف 9 مٸی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان نہ ٹوٹتا،بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی اور نہ ہی بینظیر قتل ہوتی۔

محمود اچکزئی  کا کہنا تھا کہ  پاکستان ڈوب رہا ہے، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح  ملک کو نوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ  فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا،  پاکستان چلانے کیلیے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔

محمود اچکزئی نے انکشاف کیا کہ  ماضی میں نوازشریف نے وزارت کی پیش کش کی تھی  مگر میں نے انکار کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔