راولپنڈی؛ 15 سالہ طالبہ کا مبینہ گینگ ریپ، ملزم گرفتار

صالح مغل  اتوار 25 اگست 2024
پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: راولپنڈی پولیس

پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: راولپنڈی پولیس

 راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں نویں جماعت کی 15 سالہ  طالبہ کو دو افراد نے  مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم پولیس نے طالبہ کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا۔

راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں طالبہ کی مدعیت میں درج مقدمے میں متاثرہ  نے بتایا کہ سرکاری اسکول میں زیر تعلیم ہوں اور اسکول آتے جاتے ملزم قیمت خان عرف خلیل تعاقب کرتا تھا اور ہراساں کرکے زبردستی نمبر لے کر میسجز پر بات کرنے لگا۔

طالبہ نے بتایا کہ وہ ڈر گئی تھی اور اس سے بات چیت نہیں کی اور اس حوالے سے اپنی بہن کو بتا دیا تھا اور واقعے کے حوالے سے بتایا کہ والدہ گھر میں نہیں تھیں کہ دستک پر دروازہ کھولا تو 7 سالہ بچے نے کہا کہ ساتھ زیر تعمیر مکان میں ان کی بکریاں آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بکریوں کو دھکیلنے بچے کے ساتھ گئیں تو اچانک قیمت عرف خلیل  زبردستی اٹھا کر بالائی کمرے میں لے گیا اور تھپڑ مار کر تشدد کرتے ہوئے ان سمیت دو افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مقدمے میں کہا گیا کہ تیسرا  لڑکا دست درازی کرتا رہا اور دو گھنٹے بعد چھوڑ دیا اور گھر آکر اس حوالے سے بہن کو بتایا اور بعد میں بھائی کو بتایا تو انہوں نے پولیس کو 15 پر کال کی اور پولیس آگئی۔

صدر بیرونی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم قیمت خان عرف خلیل کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیا اور کہا کہ گرفتار ملزم کے ساتھی اور سہولت کار کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خالد ہمدانی نے بتایا کہ خواتین اور بچے ریڈ لائن ہیں ان کے خلاف جرائم ناقابل برداشت ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔