امریکی صدارتی انتخاب؛ کملا ہیرس کی مہم کے دوران 54 کروڑ ڈالر جمع

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2024
مہم کے منیجر کے مطابق کملاہیرس اتنے عرصے میں سب سے زیادہ عطیات جمع کرنے والی صدارتی امیدوار بن گئی ہیں—فوٹو: رائٹرز

مہم کے منیجر کے مطابق کملاہیرس اتنے عرصے میں سب سے زیادہ عطیات جمع کرنے والی صدارتی امیدوار بن گئی ہیں—فوٹو: رائٹرز

  واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے اپنی مہم کے محض ایک ماہ سے زیادہ عرصے میں 54 کروڑ ڈالر جمع کرلیے ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کملا ہیرس کی مہم کی انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے دوران بڑی تعداد میں عطیات جمع ہوئے ہیں۔

کملا ہیرس کی مہم کے منیجر جین اومالے ڈیلون نے کہا کہ کنونشن کے ہفتے کے دوران جمع ہونے والے 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سمیت 54 کروڑ ڈالر جمع ہوئے ہیں اور یہ ہیرس کے حق میں ڈیموکریٹس کے جذبے کا اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنے دورانیے میں کسی بھی صدارتی امیدوار کے لیے جمع ہونے والے عطیات کا یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

خیال رہے کہ کملا ہیرس 21 جولائی کو اس وقت ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار بن گئی تھیں جب صدر جوبائیڈن اپنی جماعت کے رہنماؤں کے دباؤ کے باعث دستبردار ہوگئے تھے کیونکہ 27 جون کو ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مباحثے میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب کملا ہیرس کے امیدوار کے طور پر سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہوگئی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ دفاعی پوزیشن پر کھڑے ہوگئے ہیں اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بھی انہیں جدوجہد کا سامنا ہے۔

کملاہیرس کے نائب کے طور پر نامزد ٹم ویلز بھی ان کے ساتھ مہم چلا رہے ہیں اور 5 نومبر کو شیڈول صدارتی انتخاب میں کامیابی کے لیے ریاست جیورجیا تک بس میں دورہ کریں گے تاکہ ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرپائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔