مون سون ہواؤں کے کم دباو میں مزید شدت، کراچی میں آج سے بارش کا امکان

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2024
فوٹو : اسکرین گریب

فوٹو : اسکرین گریب

  کراچی: وسطی بھارت پر موجود مون سون ہواؤں کا کم دباو مزید شدت اختیار کر گیا جس کے باعث آج کراچی میں ہلکی اور دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی راجستھان بھارت پر موجود ڈپریشن مزید شدت اختیار کرکے ڈیپ ڈپریشن کی شکل میں راجستھان پر موجود ہے، سسٹم مزید مغرب اور جنوب مغرب میں حرکت کرتا ہوا 29اگست کی صبح کچ، تھرپارکر اور ملحقہ بحیرہ عرب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس سسٹم کے تحت طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوگا، 27 سے 31 اگست کے درمیان کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی کے اکثر مقامات پر موسلادھار جبکہ چند ایک مقامات پر شدید موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

آج سے 31اگست کے دوران گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد اور شکارپور میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ 31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار سمیت دیگر اضلاع میں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔ کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران سمندر میں طغیانی کا خطرہ ہے لہٰذا ماہی گیر 28 سے 30 اگست تک سمندر میں نہ جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔