لیسکو نے نیٹ میٹرنگ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں

اسٹاف رپورٹر  پير 26 اگست 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: نیٹ میٹرنگ یا سولر کنکشن کے حوالے سے لیسکو نے تفصیلات جاری کردیں۔

لیسکو کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نیٹ میٹر لگوانے کا طریقہ کار نہایت سادہ اور شفاف ہے، اگر کوئی پرائیویٹ کمپنی اضافی چارجز وصول کر رہی ہے تو اس کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں، ٭نیٹ میٹرلگوانے کے عمل میں کرپشن کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے، اگر کوئی لیسکو اہلکار رشوت طلب کرے تو اس کی اطلاع اعلیٰ حکام کو دیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی گنجائش موجود نہیں ہے، لیسکو نیٹ میٹر کے حوالے سے صرف این او سی جاری کرتا ہے، صارفین نیٹ میٹر کسی بھی منظور شدہ کمپنی سے خرید سکتے ہیں، لیسکو نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے انسٹالیشن چارجز، نام کی تبدیلی اور ایکسٹینشن آف لوڈ کے علاوہ کوئی فیس وصول نہیں کرتا، گھریلو صارفین کے لیے نام کی تبدیلی اور ایکسٹینشن آف لوڈ کے چارجرز1220روپے فی کلو واٹ ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے نام کی تبدیلی اور ایکسٹینشن آف لوڈ کے چارجرز1810روپے فی کلو واٹ ہیں،  15 کلوواٹ این او سی کے لیے ایس ڈی او جبکہ 70 کلو واٹ تک این او سی کیلئے ایکسیئن کے پاس درخواست جمع کروائیں، 70 کلوواٹ سے 500 کلو واٹ کے این او سی کے لیے ایس ای آفس میں درخواست جمع کروائیں۔

ترجمان کے مطابق 500 کلوواٹ سے ایک میگا واٹ تک کےاین او سی کے لیے چیف انجینئر پلاننگ کے پاس درخواست جمع کروائی، کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ایس ای سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔