شاہین شاہ آفریدی کا نومولود بیٹے کی تصویر کیساتھ پہلا بیان؛ نام بھی بتادیا

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2024
شاہین شاہ نے بیٹے کا نام عالیار آفریدی رکھا ہے

شاہین شاہ نے بیٹے کا نام عالیار آفریدی رکھا ہے

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بیٹے کی پیدائش پر ایک جذباتی پوسٹ لکھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے نومولود بیٹے کا ننھا منا سا ہاتھ نظر آ رہا ہے۔ بچے نے اپنی ماں کی انگلی پکڑی ہوئی ہے اور کرکٹر نے اہلیہ اور بچے کا ہاتھ تھاما ہوا ہے۔

اس تصویر کے کیپشن میں شاہین شاہ آفریدی نے اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس لمحے نے سب کچھ بدل دیا، میرا دل اور زندگی اب اور بہتر ہو گئی ہے، 24 اگست میرے لیے ہمیشہ ایک خاص دن رہے گی۔

قومی ٹیم کے باؤلر نے مزید لکھا کہ میں اپنی بیگم کا شکریہ ادا کرتا ہوں وہ ہماری اس چھوٹی سی فیملی کا سپورٹ سسٹم ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیٹے کا نام بھی ظاہر کردیا۔ انھوں نے لکھا کہ دنیا میں آمد پر اپنے بیٹے عالیار آفریدی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی شادی معروف کرکٹر شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ گزشتہ برس 3 فروری کو ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔