انٹرنیٹ کی سست روی کامعاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال لگانے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا، تحریک انصاف کے رکن رائے حسن نواز کھرل نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں سے ڈرتی ہے جس کی وجہ سے فائر وال لگائی جارہی ہے۔

اس معاملے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ فائر وال لگائی جارہی ہے یا نہیں مگر انٹر نیٹ کی بہتری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پوری آئی ٹی نظام کو بہتر کرنا چاہتی ہے اور اگلے پانچ سے چھ روز میں انٹر نیٹ کی سست روی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر آئی ٹی اس حوالے سے تفصیلی جواب دیں گے مگر ان کی والدہ بیمار ہوگئیں جس کی وجہ سے انہیں لاہور واپس جانا پڑا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ  نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فائبر اپٹیک کا جال بچھانا ہمارے لیے ایک چیلنج ہے اور فائر وال پہ پی ٹی اے کا موقف بھی سامنے آچکا ہے فائر وال سے متعلق افواہیں بہت زیادہ ہیں آنے والے دنوں میں واضح بہتری آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔