ملیالم اداکارہ مینو منیر کے چار مشہور اداکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2024
فوٹو : فیس بک

فوٹو : فیس بک

کیرالہ: ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ مینو منیر نے الزام عائد کیا ہے کہ انڈسٹری کے معروف اداکاروں ایم مکیش اور جے سوریا نے ان کے ساتھ جنسی ہراسانی کی ہے۔

یہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ڈائریکٹر رنجیت اور اداکار صدیق نے ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (AMMA) کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا، ان پر بھی اسی نوعیت کے الزامات لگائے گئے تھے۔

اداکارہ مینو منیر نے فیس بک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ 2013 کی ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران چار اداکاروں مکیش، منیام پیلا راجو، ایڈویلا بابو، اور جے سوریا نے ان کے ساتھ جسمانی اور زبانی بدسلوکی کی۔

این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مینو منیر نے بتایا کہ ایک موقع پر جب وہ واش روم سے باہر آئیں تو جے سوریا نے انہیں پیچھے سے گلے لگا کر بغیر اجازت بوسہ دیا۔

ایک اور واقعے میں، اداکارہ نے AMMA کے سیکریٹری ایڈویلا بابو سے رکنیت کے لیے درخواست کی، لیکن انہوں نے انہیں اپنے فلیٹ پر بلایا اور وہاں ان کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کی۔

مینو منیر نے کہا کہ انہوں نے ان بدسلوکیوں کے خلاف آواز اٹھائی، لیکن انہیں انڈسٹری چھوڑ کر چنئی منتقل ہونا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ وہ انصاف کی طلبگار ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اداکار منیام پیلا راجو نے ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ اس معاملے کی جامع تفتیش ضروری ہے۔

کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے ایک اعلی سطح اجلاس کے بعد ایک سات رکنی خصوصی ٹیم کی تشکیل کا اعلان کیا ہے جو خواتین اداکاراؤں کے خلاف ہونے والے مظالم کی تحقیقات کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔