حکومت غیرملکی سرمایہ کاری پر توجہ دے رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ

ارشاد انصاری  پير 26 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی معیشت و نمو اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ دے رہی ہے، ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 

وزارت خزانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملاقات کیلیے آئے ہوئے فن لینڈ کے ترقیاتی مالیاتی ادارے فن فنڈ کے نمائندے آنتی پارٹینن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر خزانہ نے فن لینڈ کے نمائندے کو پاکستان میں کلی معیشت کے اشاریوں میں نمایاں بہتری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن، توانائی اور ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معیشت اور نمو، برآمدات کی بنیاد میں وسعت اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر حکومت کی بھرپور توجہ ہے۔

فن لینڈ ترقیاتی ادارہ کے نمائندے نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، زراعت اور جنگلات کے شعبہ جات میں اپنی دلچسپی کا اظہارکیا۔ انہوں نے پاکستان میں فن فنڈ کے پر وفائل اور سرمایہ کاری کے اقدامات کا ایک جائزہ بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی اسے فنانسنگ کے لیے ایک پرکشش مقام بناتی ہے، انہوں نے فن فنڈ کی جانب سے ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے آمادگی کا اظہار بھی کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالہ سے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔