بلوچستان حملوں میں ہمارے کسی انٹیلی جنس ادارے کی کوئی ناکامی نہیں ہے، وزیر داخلہ

اسٹاف رپورٹر  پير 26 اگست 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا پورا بندوبست کیا جائے گا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کچھ اور تھے جنہیں فورسز نے ناکام بنایا، یہ حملے ایک دم نہیں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ہوئے، جن لوگوں کو ہم نے بنایا ہے انہوں نے ہم پر حملہ کیا ہے، ہم اس معاملے پر کلیئر ہیں کہ یہ دہشت گردوں کا حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے حملے میں ہمارے 14 جوان شہید ہوئے ہیں جبکہ ہم نے 21 دہشت گرد مارے ہیں، بلوچستان حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں، بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپورطریقے سے جواب دیں گے۔

مزید پڑھیں: کسی بلوچ نے پنجابی کو نہیں بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والا کوئی بھی ہو وہ دہشت گرد ہے، یہ ہمارے کسی انٹیلی جنس ادارے کی کوئی ناکامی نہیں ہے،  دہشت گردی میں تحریک طالبان ملوث ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ بیرونی قوتیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں جوبھی حملوں کوسپورٹ کررہا ہے وہ دہشت گرد ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ٹھیک کہتے ہیں یہ ناراض نہیں دہشت گرد ہیں، اب کوئی صورت نہیں کہ ہم دہشت گردوں کوناراض بلوچ کہیں، جو لوگ ناراض ہیں ان کومنائیں گے لیکن دہشت گردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد پوری قوم ، انسانیت اور ترقی کے دشمن ہیں، اُنہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے، صدر

محسن نقوی نے بتایا کہ دہشت گردی میں کالعدم ٹی ٹی پی ملوث ہے، جن لوگوں کو چھوڑا گیا وہیں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔کچے میں لاقانونیت اور رحیم یار خان میں پولیس کے جوانوں پر حالیہ شب خون حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم کچے کے علاقے پر بھی کلیئر ہو گئے ہیں، دونوں صوبے مشترکہ کام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔