کراچی میں آج سے تیز ہواؤں کیساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

ویب ڈیسک  منگل 27 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: مون سون سسٹم کے تحت ہوا کا شدید کم دباؤ شدید ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے جو مسلسل بڑھ رہا ہے، شہر قائد میں آج سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

ڈیپ ڈپریشن رین سسٹم سے متعلق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ جب تک سائیکلون ہمارے ایریا پر برقرار رہے گا تب تک انتہائی شدید بارشیں ہوں گی اور شدید سائیکلون کا ڈپریشن جب تک آگے نہیں بڑھ جاتا اس وقت تک شدید بارش ہوتی رہیں گی، شدید ڈپریشن کی وجہ سے ہوا کی رفتار 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔

موجودہ سسٹم کراچی کے مشرق میں 570 کلو میٹر پر موجود ہے اور 29 اگست کی صبح سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد سسٹم مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ سسٹم شدت اختیار کرنے کے بعد کراچی کے جنوب مغرب میں داخل ہوگا جس کے زیر اثر کراچی میں تیز ہوائیں چلیں گی جبکہ موسلادھار بارش ہونے کے ساتھ سمندر میں شدید طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

طاقتور مون سون ہواؤں کا سسٹم سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کا سبب بنے گا جس کے باعث ٹھٹھہ اور بدین میں 300 تا 400 ملی میٹر جبکہ کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

سسٹم قریب آنے پر بارش میں شدت آئے گی، 28 تا 30 اگست کراچی سمیت سندھ بھر میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے ذیادہ بارش قائدآباد میں 52 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ گلشنِ حدید میں 46، نارتھ کراچی میں 30، ناظم آباد میں 26 اور سُرجانی میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

شارع فیصل، کیماڑی اور یونیورسٹی روڈ پر 16، کورنگی میں 15، صدر اور اولڈ ٹرمینل پر 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز، مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا جبکہ شہریوں کو آمد رفت میں شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقے تاریکی ڈوب میں گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔