گھوٹکی میں کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں صحافی جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 27 اگست 2024
—فوٹو فائل

—فوٹو فائل

میرپور ماتھیلو: گھوٹکی میں کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں صحافی جاں بحق ہوگیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کو پکڑنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رونتی کے علاقے میں مسلح افراد نے ٹارگٹڈ حملہ کرکے سندھی زبان کے نیوز چینل آواز ٹی وی کے رپورٹر بچل گھنیو کو قتل کردیا۔

علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ صحافی کو ڈاکوؤں نے قتل کیا جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ ممکن ہے ذاتی رنجش یا دشمنی کا مسئلہ ہو، لاش اوباڑو اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق صحافی گھر کے قریب اپنے کھیتیوں میں گیا تھا وہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کی بعدازاں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ شہید صحافی محمد بچل گھنجو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دلوائی جائے، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے، ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی گھوٹکی سے فی الفور تفصیلات طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی محمد بچل گھنجو کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل بیسڈ آلات کو استعمال میں لایا جائے، کچے ایریاز میں پولیس کے تازہ دم کمک کے ذریعے آپریشن کو مزید تیز کیا جائے، ایس ایس پی گھوٹکی صحافی قتل کیس کی تفتیشی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔