سندھ ہائیکورٹ کا بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست پر جواب طلب

کورٹ رپورٹر  منگل 27 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے وکلا کو 10 یوم میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے وکلا کی جانب سے وکالت نامے جمع کرا دیے گئے، کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے وکلا نے جواب جمع کروانے کے لئے مہلت کی استدعا کردی۔

عدالت نے فریقین کو 10 یوم میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی، عدالت نے میئر کراچی سے بلدیہ عظمی کے تحت قائم اسپتالوں اور اسکولوں کی فہرست طلب کر رکھی ہے۔ عدالت نے اسپتالوں اور اسکولوں کی موجودہ صورت حال اور عملے اور طلبا کی تعداد سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔

عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا تھا کہ درخواست گزار کے الیکٹرک کی  کارکردگی ،بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور اوور بلنگ سے پریشان ہے، اب بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس بھی شامل کردیا گیا ہے۔

میئر کراچی نے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے الیکٹرک کو آؤٹ سورس کردی ہے اور اپوزیشن سے مشاورتی عمل کو بائی پاس کرتے ہوئے معاہدہ کیا ہے، میئر کراچی نے اپوزیشن جماعتوں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

میئر کراچی کی جانب سے لگائے میونسپل ٹیکس کو غیر قانونی قرار دیے کر مئیر کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔