ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلیے ایف بی آر راضی

ارشاد انصاری  بدھ 28 اگست 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  اسلام آباد: تاجروں سے ٹیکس وصولی کے معاملے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کے لیے تیار ہوگیا۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے، چھوٹے تاجروں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی ترمیم مسودے میں شامل ہے۔

انکم ٹیکس گوشوارے کا فارم سادہ اور آسان اردو زبان میں جاری کیا جائے گا، 10 کروڑ روپے سالانہ ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز ہے۔

مزید پڑھیں؛ حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی، کوآرڈینیٹر وزیراعظم

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی، ریٹیلیرز کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔

اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں احسان افضل نے کہا کہ ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے لیکن تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے اور اگر تاجروں کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف تاجروں اور جماعت اسلامی کی جانب سے آج ملک بھر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔