کراچی؛ نامعلوم مسلح ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ، 2بچوں کا باپ قتل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 28 اگست 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: سلطانہ آباد کے علاقے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر 2 بچوں کے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ڈاکس تھانے کے علاقے سلطانہ آباد نیو حاجی کیمپ مکوڑا گلی میں واقع مکان نمبر ڈی /430 میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئی۔

مقتول کی شناخت 45 سالہ شمروز خان ولد فیروز خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول 2 بچوں کا باپ تھا اور اس کا آبائی تعلق ضلع کوہاٹ کرک سے تھا۔

ایس ایچ او ڈاکس نفیس الرحمٰن کے مطابق مقتول سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرتا تھا لیکن ان دنوں بیمار تھا اور گھر پر ہی رہتا تھا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ساڑھے 4 بجے کے قریب مقتول کے گھر میں نامعلوم مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اس کی بیوی کے سامنے شوہر کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او مزید نے بتایا کہ مقتول کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس نے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔