پنجاب میں نوجوانوں کیلئے اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اور انٹرنشپ پروگرام کا آغاز

محمد یوسف انجم  بدھ 28 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ارب روپے سے اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اور انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

لاہور میں  ہونے والی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر، کابینہ ممبر خواجہ عمران نذیر، ذیشان رفیق، سیکرٹری اسپورٹس  ظفر خان سیال، ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب پرویز اقبال بھی موجود تھے۔ تقریب میں انڈومنٹ فنڈ کے لیے منتخب ہونے والے 170 کھلاڑیوں کو خصوصی طورپر مدعو کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ انٹرنشپ پروگرام کے تحت چھ ماہ تک چھ ہزار فریش گریجوائٹس کو  ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ ملے گا اور ان کو مختلف اداروں میں کام کرنے کا موقع بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے منتخب کھلاڑیوں کو ایلیٹ اور ایمرجنگ کیٹگریز میں رکھا گیا ہے۔ ایلیٹ گروپ کو  70 ہزار، 50 ہزار اور تیس ہزار روپے وظیفے سمیت ہر سطح پر ان کی مدد کی جائے گی۔

فیصل کھوکھر نے کہا کہ ایمرجنگ کھلاڑیوں میں 16 سال سے کم عمر لڑکوں کو ماہانہ پندرہ ہزار روپے دیا کریں گے،  کھلاڑیوں کا علاج بھی اس فنڈ سے ہوگا، نوجوانوں کے ساتھ سابق کھلاڑیوں کا بھی اس فنڈ سے خیال رکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انڈومنٹ فنڈ سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈل جیتنے والوں کو انعامات بھی دیا کریں گے، غیرملکی کوچنگ کے ساتھ ہلیتھ انشورنس بھی کروائی جائے گی۔

فیصل کھوکھرنے کہا ہم پنجاب سےکھلاڑی تیار کرکے نیشنل ٹیموں کو مہیا کریں گے۔ تقریب میں  موجود کھلاڑیوں اور فریش گریجوائٹس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ان  اقدامات کومثالی قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔